امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈلاس میں گیس دھماکے کے باعث ایک رہائشی عمارت میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ڈلاس کے علاقے اوک کلف میں پیش آیا جہاں ایک اپارٹمنٹ عمارت میں قدرتی گیس کے دھماکے نے پوری عمارت کو تباہ کردیا۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔
ڈلاس فائر ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ انہیں دوپہر تقریباً 12 بج کر 45 منٹ پر گیس لیک ہونے کی اطلاع ملی تھی، تاہم امدادی ٹیموں کے موقع پر پہنچنے سے پہلے ہی عمارت میں آگ بھڑک چکی تھی۔
رپورٹس کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ عمارت کا بڑا حصہ ملبے کا ڈھیر بن گیا جبکہ ریسکیو اہلکار کئی گھنٹوں تک ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف رہے۔ امدادی کارروائیوں میں ڈرونز اور خصوصی سرچ ٹیموں کا بھی استعمال کیا گیا۔
حکام کے مطابق عمارت میں تقریباً 23 افراد رہائش پذیر تھے جن میں سے 12 افراد کا سراغ لگا لیا گیا ہے جبکہ دیگر افراد کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ عمارت کے قریب کام کرنے والے ایک کنٹریکٹر نے ممکنہ طور پر گیس لائن کو نقصان پہنچایا جس کے بعد دھماکا ہوا۔
گیس کمپنی نے تصدیق کی کہ تعمیراتی کام کے دوران قدرتی گیس کی پائپ لائن متاثر ہوئی تھی، جس کے بعد فوری طور پر علاقے کی گیس سپلائی بند کردی گئی۔
دوسری جانب نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے واقعے کی تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم روانہ کردی ہے جبکہ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کردی ہیں۔