کراچی؛ ایک بچی کے باپ کی گلے میں پھندا لگا کر خودکشی

شبہ ہے کہ بلال کے اہلیہ کسی بات پر ناراض ہو کر چلی گئی تھی، علاقہ مکین



کراچی:

لیاری بہار کالونی مدینہ منزل کی رہائشی ایک بچی کے باپ نے گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔

تفصیلات کے مطابق چاکیواڑہ کے علاقے لیاری بہار کالونی گلی نمبر 18 مدینہ منزل فلیٹ نمبر 305 سے ایک شخص کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹا کرنے کے بعد جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 34 سالہ بلال ولد مقصود احمد کے نام سے کی گئی، نوجوان نے گھریلو رنجش کے باعث خودکشی کی ہے، گھر والوں نے پولیس کارروائی کرانے سے انکار کر دیا اور لاش اپنے ہمراہ لے گئے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق متوفی کی سال 2022 میں شادی ہوئی تھی اور وہ ایک بچی کا باپ تھا، بائیکیا چلانے کا کام کرتا تھا، واقعے کے وقت متوفی گھر میں اکیلا تھا، شبہ ہے کہ بلال کے اہلیہ کسی بات پر ناراض ہو کر چلی گئی تھی، بلال فلیٹ میں اپنی بیوی اور بچی کے ہمراہ رہائش پذیر تھا۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ گھر والے کافی دیر سے فون کر رہے تھے لیکن وہ فون نہیں اٹھا رہا تھا، گھر آکر دیکھا تو دروازہ اندر سے بند تھا، پڑوسیوں سے معلومات لینے کے بعد پولیس کو بلایا گیا اور پھر دروزاے کو زور لگا کر اندر کی کنڈی توڑ کر جب پولیس اور علاقہ مکین فلیٹ میں اندر گئے تو کمرے میں بلال کی لاش لٹک رہی تھی، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔