ایران امریکا جنگ ختم ہونی چاہیے، اس کی قیمت عوام ادا کر رہے ہیں، ظہران ممدان

تین ماہ قبل ایک ایسی جنگ شروع کی گئی جس کے حق میں عوام نے ووٹ نہیں دیا تھا، میئر نیویارک


ویب ڈیسک May 29, 2026

نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔

میئر ظہران ممدانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ تین ماہ قبل ایک ایسی جنگ شروع کی گئی جس کے حق میں عوام نے ووٹ نہیں دیا تھا، تاہم اب اس جنگ کی بھاری قیمت عام شہری ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس کی منظوری کے بغیر شروع کی گئی جنگ نے امریکی عوام کے بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔ جنگ کے باعث امریکا میں پیٹرول، خوراک اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس سے شہریوں پر معاشی دباؤ بڑھ گیا ہے۔

ظہران ممدانی نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ وہ پہلے دن سے اس جنگ کے مخالف رہے ہیں اور آج بھی اسی مؤقف پر قائم ہیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ یہ جنگ فوری طور پر ختم ہونی چاہیے۔

میئر نیویارک کے اس بیان کو ایسے وقت میں اہم قرار دیا جا رہا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور ممکنہ معاہدے سے متعلق سفارتی کوششیں جاری ہیں جبکہ عالمی سطح پر بھی جنگ کے معاشی اثرات پر تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔