نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کا بڑا فیصلہ، اسرائیل ڈے پریڈ میں شرکت نہیں کریں گے

اسرائیل ڈے پریڈ اتوار کو نیویارک کی ففتھ ایونیو پر منعقد ہوگی جس میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے


ویب ڈیسک May 29, 2026

نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس سال ہونے والی اسرائیل ڈے پریڈ میں شرکت نہیں کریں گے، جبکہ شہر میں پریڈ کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل ڈے پریڈ اتوار کو نیویارک کی ففتھ ایونیو پر منعقد ہوگی جس میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ پریڈ کے لیے شہر بھر میں غیر معمولی سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔

نیویارک پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ اس سال پریڈ کیلئے تاریخ کا سخت ترین سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے یہود مخالف واقعات اور سکیورٹی خدشات کے باعث کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

دوسری جانب میئر ظہران ممدانی نے واضح کیا کہ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران ہی اعلان کردیا تھا کہ وہ اسرائیلی حکومت کی پالیسیوں کے باعث اس پریڈ میں شرکت نہیں کریں گے۔

میئر ممدانی نے کہا کہ اگرچہ وہ خود پریڈ میں شریک نہیں ہوں گے تاہم شہر کے ہر شہری کی حفاظت ان کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کیلئے پولیس مکمل طور پر متحرک رہے گی۔

حکام کے مطابق پریڈ میں آنے والے افراد کو سخت سکیورٹی اسکریننگ سے گزرنا ہوگا جبکہ بڑے بیگز، ہتھیار، کرسیاں اور بڑے جھنڈے لانے پر پابندی ہوگی۔ پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں کیونکہ متعدد سڑکیں بند رہیں گی۔

رپورٹس کے مطابق سابق میئر ایرک ایڈمز پریڈ میں شرکت کریں گے جبکہ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ سکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔