ایران کا امریکا پر سنگین الزام، لبنان حملوں میں اسرائیل کا ’شریکِ جرم‘ قرار دے دیا

ایرانی ترجمان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ لبنان میں جاری حملے رکوانے کیلئے فوری اقدامات کرے


ویب ڈیسک May 29, 2026

ایران نے لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے امریکا کو بھی ان کارروائیوں کا ’شریکِ جرم‘ قرار دے دیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اسرائیل کی جانب سے جنوبی بیروت اور لبنان کے دیگر علاقوں پر حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے خطے میں انسانی بحران کو مزید سنگین بنا رہے ہیں۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل لبنان میں ’بربریت‘ کا مظاہرہ کر رہا ہے جبکہ امریکا ان تمام کارروائیوں میں مکمل طور پر اسرائیل کا ساتھ دے رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا نہ صرف لبنان بلکہ فلسطین اور پورے مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی اقدامات کا حمایتی اور شریکِ جرم ہے۔

ایرانی ترجمان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ لبنان میں جاری حملے رکوانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کے باعث خطے کا امن شدید خطرے میں پڑ چکا ہے اور صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب لبنان کی وزارت صحت کے مطابق مارچ کے آغاز سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 3 ہزار 324 افراد جاں بحق جبکہ 10 ہزار 27 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق جنوبی لبنان اور جنوبی بیروت میں مسلسل بمباری کے باعث ہزاروں خاندان نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

علاقائی مبصرین کا کہنا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی مشرق وسطیٰ کے بحران کو مزید وسیع کر سکتی ہے جبکہ امریکا کی حمایت کے الزامات نے سفارتی ماحول کو مزید کشیدہ بنا دیا ہے۔