بالی ووڈ اداکار جیکی شروف نے اپنے بیٹے ٹائیگر کی مسلسل فلمی ناکامیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کامیابی اور ناکامی کسی کے اختیار میں نہیں ہوتی، انسان صرف محنت کر سکتا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں جیکی شروف نے کہا کہ فلمی دنیا میں ہر اداکار کو اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ٹائیگر اس حقیقت کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق ٹائیگر ہمیشہ ایمانداری سے کام کرتے ہیں اور باقی فیصلہ ناظرین کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔
جیکی شروف نے کہا کہ بعض اوقات بھرپور محنت کے باوجود نتائج توقعات کے مطابق نہیں آتے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ انسان کوشش کرنا چھوڑ دے۔ انہوں نے بیٹے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیگر اپنی فٹنس، ایکشن اور محنت کے باعث آج بھی نوجوانوں میں بے حد مقبول ہیں۔
واضح رہے کہ ٹائیگر شروف نے 2014 میں فلم ’’ہیروپنتی‘‘ سے بالی ووڈ میں انٹری دی تھی، جبکہ ’’باغی‘‘ اور ’’وار‘‘ جیسی فلموں نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا۔ تاہم حالیہ برسوں میں ان کی کئی فلمیں باکس آفس پر توقعات پوری نہ کر سکیں۔