جنوبی کوریا کے معروف گلوکار جنگ کوک کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اچانک معطلی نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ’’بی ٹی ایس‘‘ کے رکن جنگ کوک کا اکاؤنٹ اچانک غائب ہوگیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ آیا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کیا گیا یا معطل ہوا ہے۔
گلوکار نے بعد ازاں اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں انسٹاگرام کی جانب سے موصول ہونے والا نوٹس دکھایا گیا تھا۔ نوٹس کے مطابق اگر 180 دن کے اندر اپیل نہ کی گئی تو اکاؤنٹ مستقل طور پر ختم ہو سکتا ہے۔
انسٹاگرام انتظامیہ نے وضاحت کی کہ اکاؤنٹ مبینہ طور پر ٹریڈ مارک اور دانشورانہ املاک سے متعلق پالیسیوں کی خلاف ورزی کے باعث محدود کیا گیا۔
واضح رہے کہ جنگ کوک اس سے قبل 2023 میں بھی اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر چکے ہیں، جس وقت ان کے کروڑوں فالوورز موجود تھے۔