آسٹریلوی ون ڈے ٹیم کے کپتان جوش انگلس نے کہا ہے کہ ون ڈے سیریزمیں کسی ٹیم کو سبقت حاصل نہیں، سینئر فاسٹ باؤلرز کی عدم موجودگی سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جوش انگلس نے کہا کہ پاکستان آکر ہمیشہ خوشی محسوس ہوتی ہے اور یہاں کے شائقین کرکٹ سے بے حد محبت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کا موسم کافی گرم ہے، تاہم ٹیم مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ مستقل کپتان مچل مارش کے ان فٹ ہونے پر مایوسی ضرور ہوئی کیونکہ وہ ٹیم کے اہم رکن اور شاندار آل راؤنڈر ہیں۔تاہم، اسکواڈ میں موجود دیگر کھلاڑی ذمہ داری اٹھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آسٹریلیا کے چند سینئر فاسٹ باؤلرز کی عدم موجودگی سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا کیونکہ ٹیم میں باصلاحیت نوجوان فاسٹ باؤلرز موجود ہیں جو اچھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
جوش انگلس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف مکمل پلاننگ کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور ٹیم کا فوکس صرف اچھی کرکٹ کھیلنے پر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میچ میں پہلے بیٹنگ یا بولنگ کرنے کا فیصلہ وکٹ اور کنڈیشنز کو دیکھ کر کیا جائے گا۔