عید قرباں پر غزہ کے مظلوموں میں پاکستانیوں کی جانب سے گوشت کی تقسیم

اس سال اہل پاکستان کے تعاون سے غزہ کے متاثرہ خاندانوں کے لیے 950 جانوروں کی قربانی کا اہتمام کیا گیا


فوٹو فیس بک

پاکستان میں فلاح کے لیے کام کرنے والی نمائندہ غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر غزہ کے متاثرین میں قربانی کا گوشت، عیدی اور تحائف تقسیم کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے عید الاضحیٰ کے موقع پر غزہ جنگ سے متاثرہ یتیم بچوں، بیواؤں اور مہاجر خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے مصر میں عید منائی اور اہل غزہ کے لیے قربانی پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے مطابق ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کے ہمراہ صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) ڈاکٹر عاطف حفیظ صدیقی اور الخدمت ناروے کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

وفد نے مصر کے علاقے رحاب کی مرکزی مسجد میں نماز عید ادا کرنے کے بعد غزہ بارڈر کے قریب واقع مختلف علاقوں بشمول راس غارب اور نوباریہ میں قائم سلاٹر ہاؤسز کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے خود دنبہ ذبح کرکے اہل غزہ کے لیے قربانی مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ وفد نے قربانی کے جانوروں کے ذبح، گوشت کی تیاری، پیکنگ اور محفوظ ترسیل کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ان پر اطمینان کا اظہار کیا۔

بعد ازاں الخدمت کے زیر کفالت مقیم غزہ کے یتیم بچوں، بیواؤں اور جنگ سے متاثرہ مہاجر خاندانوں سے ملاقات کی گئی۔ وفد نے متاثرہ خاندانوں میں قربانی کا گوشت جبکہ بچوں میں عیدی اور خصوصی تحائف تقسیم کیے۔ اس موقع پر یتیم بچوں اور غزہ سے تعلق رکھنے والے مہاجرین کے لیے خصوصی ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی قربانیاں ان کے نام وقف کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستانی عوام کی امانتوں کو شفاف اور ذمہ دارانہ انداز میں غزہ کے متاثرین تک پہنچا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اس سال اہل پاکستان کے تعاون سے غزہ کے متاثرہ خاندانوں کے لیے 950 جانوروں کی قربانی کا اہتمام کر رہی ہے تاکہ جنگ سے متاثرہ فلسطینی خاندان بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن غزہ کے متاثرہ بچوں اور خاندانوں کی مدد اور بحالی کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق مصر کے علاوہ القدس، ویسٹ بینک اور لبنان میں بھی اہل غزہ کے لیے قربانی کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ محدود پیمانے پر غزہ کے اندر بھی قربانی کرکے تازہ گوشت متاثرہ خاندانوں تک پہنچایا گیا ہے۔