کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی

سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شاہین فورس کا اہلکار زخمی ہوا، اسپتال منتقل


منور خان May 29, 2026
فوٹو- فائل

کراچی: شہر قائد کے علاقے سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شاہین فورس کا اہلکار زخمی ہوگیا۔

ترجمان ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں سے دو طرفہ فائرنگ کے دوران پولیس اہلکار کانسٹیبل فہد مگسی زخمی ہوا ہے جبکہ موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔

تاہم پولیس کی اضافی نفری کو طلب کر کے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ڈاکوؤں کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

چھیپا حکام کے مطابق زخمی اہلکار کو فوری طبی امداد کے لیے آغا خان اسپتال منتقل کر دیا گیا جسے سینے پر گولی لگنے کا بتایا جا رہا ہے۔

بعد ازاں ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ایسٹ زبیر نذیر شیخ زخمی پولیس اہلکار کی عیادت کیلئے اسپتال پہنچے، جہاں انھوں نے ڈاکٹروں سے بھی معلومات حاصل کی اس موقع پرایس ڈی پی او سہراب گوٹھ ڈی ایس پی اورنگزیب خٹک بھی ان کے ہمراہ تھے۔