اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے قریبی علاقوں اورملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 6 کارروائیوں کےدوران 3 خواتین سمیت 10 ملزمان گرفتار کرکے 21 لاکھ سے زائد مالیت کی 14.845 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں میں کارروائیوں کے دوران راولپنڈی میں یونیورسٹی کے قریب گاڑی سے 745گرام آئس برآمد کر کے 3ملزمان کو گرفتارکیاگیا۔
بیان میں کہا گیا کہ رنگ روڈ پشاور کے قریب خاتون کے قبضے سے 500گرام آئس برآمد کر کے ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا۔
اسی طرح اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 6کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
اے این ایف کے مطابق دیگر کارروائیوں میں سرنان ڈسٹرکٹ پشین میں ہوٹل کے قریب 2خواتین کے قبضے سے 4کلوگرام آئس، اٹک کے قریب گاڑی سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ ایک اور کارروائی میں ریلوے لائن روڈ پشاور کے قریب ملزم کے قبضے سے 1.2کلوگرام چرس برآمد کی گئی، کارروائیوں کا انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔