بھکر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری خصوصی صفائی آپریشن تین روز بعد کامیابی سے مکمل ہوگیا جس کے دوران ضلع بھر سے 7 ہزار ٹن سے زائد قربانی کی آلائشیں اور دیگر فضلہ ٹھکانے لگایا گیا۔
ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی کے مطابق صفائی آپریشن میں 2 ہزار سے زائد ورکرز نے حصہ لیا اور عید کے تینوں دن فیلڈ میں متحرک رہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے 72 کلیکشن سینٹرز اور 83 عارضی کیمپس قائم کیے گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ کنٹرول روم میں موصول ہونے والی 102 شکایات کو بروقت حل کیا گیا جبکہ بھکر، منکیرہ، دریاخان اور کلورکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں آلائشوں کو فوری طور پر اٹھا کر تلف کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مرکزی شاہراہوں، بازاروں اور گلی محلوں میں خصوصی واشنگ مہم بھی چلائی گئی جبکہ ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے مختلف مقامات پر عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ کیا گیا۔
شہریوں نے صفائی کے بہترین انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ضلعی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس بار عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی کے مثالی انتظامات دیکھنے میں آئے۔ شہریوں کے مطابق آلائشوں کی بروقت تلفی سے تعفن اور ماحولیاتی آلودگی پر مؤثر قابو پایا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صفائی ٹیمیں ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں دن رات کام کرتی رہیں اور شہریوں سے آئندہ بھی تعاون جاری رکھنے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ ضلع کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔