مودی سرکار کا من گھڑت بیانیہ بے نقاب، معاشی ترقی بھارت سے کوسوں دور

مودی حکومت نے وقتی سیاسی فائدے کے لیے عوام، مزدور طبقے اور ریاستی اداروں پر مسلسل معاشی دباؤ ڈال دیا ہے


ویب ڈیسک May 30, 2026

مودی کی ناقص معاشی پالیسیوں سے بھارتی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے جب کہ معاشی ترقی کا من گھڑت بیانیہ بےنقاب ہوچکا ہے۔

نام نہاد 4 ٹریلین ڈالر کی معاشی طاقت کے دعویدار بھارت کو ایک علاقائی جنگ نے شدید بحران کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ مودی حکومت نے بھارتی معیشت کی موجودہ سنگین صورتحال کا ملبہ ایران جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش پر ڈال دیا ۔

بھارتی جریدے فرنٹ لائن کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق مودی نے بدحال صنعت، تجارتی خسارے اور تکنیکی تنزلی کے بعد معاشی بحران کا بوجھ بھارتی مزدور طبقے پر منتقل کر دیا ہے۔

فرنٹ لائن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بی جے پی نے امریکی تجارتی معاہدے کے لیے روسی تیل کی خریداری محدود کر کے معاشی خودمختاری پر سمجھوتا کیا۔ مودی نے اسرائیل سے دفاعی معاہدوں کے لیے ایران جیسے آزمودہ اتحادی کو نظرانداز کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی عوام نااہل حکمران اشرافیہ کی سیاسی غداریوں کی قیمت ادا کررہے ہیں۔ بھارت میں خوراک، ایندھن اور کھاد سبسڈی کا حصہ 2016-17 میں 11.7 فیصد سے کم ہو کر 2024-25 میں صرف 7.9 فیصد رہ گیا ہے اور کارپوریٹ سرمایہ کاری جی ڈی پی کے 13.36 فیصد سے کم ہو کر 11.24 فیصد پر آگئی ہے۔

عالمی ماہرین کے مطابق مودی حکومت نے وقتی سیاسی فائدے کے لیے عوام، مزدور طبقے اور ریاستی اداروں پر مسلسل معاشی دباؤ ڈال دیا ہے۔ بھارتی روپے کی قدر میں تیزی سے کمی اور تجارتی خسارے نے مودی کی نام نہاد تیسری بڑی معیشت کا پہیہ جام کر دیا ہے۔