سی این ایف بہاولپور کی ٹیم نے دو بڑی کارروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی 475 کلو گرام منشیات برآمد کرلی۔
پنجاب سی این ایف حکام کے مطابق انٹیلی جنس معلومات پر 28 اور 29 مئی 2026 کی شب لال سوہانرا نیشنل پارک بہاولپور کے قریب اور شاکر موڑ وہاڑی میں کی گئی کارروائیوں کے دوران برآمد شدہ منشیات کی مالیت تقریباً 78 ملین روپے ہے، کارروائی کے دوران ایک خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
سی این ایف حکام نے بتایا کہ پہلی کارروائی میں ایک کار سے 32 کلوگرام منشیات برآمد ہوئی جبکہ ملزم عبدالجبار کو گرفتار کیا گیا، ملزم کی نشاندہی پر شاکر موڑ وہاڑی میں فالو اپ آپریشن کیا گیا، جہاں بھاری مقدار میں مزید منشیات برآمد ہوئی۔ برآمد شدہ منشیات میں 382 کلوگرام چرس، 92 کلوگرام افیون اور ایک کلوگرام آئس شامل ہے۔
سی این ایف صوبہ بھر میں منشیات کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے تفتیش بھی جاری ہے۔