لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح کے وقت بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں کمی آگئی، بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا یہ سسٹم آج پاکستان سے نکل جائے گا، لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، کل سے دوبارہ خشک اور گرم موسم کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 30 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، چوک ناخدا میں 24 ملی میٹر جبکہ گلبرگ میں 7 ملی میٹر بارش ہوئی، اسی طرح لکشمی چوک میں 26 ملی میٹر، اپر مال پر 22 ملی میٹر اور مغلپورہ میں 23 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اس کے علاوہ تاج پورہ، گلشن راوی اور اقبال ٹاؤن کے علاقوں میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارش اور ژالہ باری کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
ادھر لاہور کے علاقے واپڈا ٹاؤن میں آندھی اور بارش کے باعث رکشے پر دیوار گر گئی جس سے دو افراد زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو 1122 نے جناح ہسپتال منتقل کر دیا۔
دوسری طرف بارش کے باعث لیسکو کے 65 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی بند ہو گئی جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو نے کہا ہے کہ بارش رکتے ہی فیڈرز کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا، اس وقت لیسکو ریجن میں سپلائی ڈیمانڈ کے مطابق ہے۔