حجاج کرام کی پاکستان واپسی کیلئے فلائٹ آپریشن کل سے شروع ہوگا

حج آپریشن کی آخری پرواز  30 جون کو لاہور پہنچے گی، وزارت مذہبی امور


ویب ڈیسک May 30, 2026

پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کیلئے سعودی عرب سے پروازوں کا آغاز کل 31 مئی کو ہوگا۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق پہلی حج  پرواز 31 مئی کی شب جدہ سے روانہ ہوگی اور سیالکوٹ پہنچے گی، پہلی حج پرواز سے 391 حاجی وطن واپس پہنچیں گے جویکم جون کو پہنچے گی۔ 

 وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ یکم جون کو 22 پروازوں سے 5237 حجاج وطن پہنچیں گے، حج آپریشن کے پہلے روز  5 پروازیں حاجیوں کو لے کر اسلام آباد آئیں گی۔

 کراچی اور لاہور میں 4،4 پروازیں، ملتان اور سیالکوٹ میں 3،3، فیصل آباد  میں 2 اورکوئٹہ ایک پرواز  حجاج کرام کو لے کر  پہنچے گی۔

وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ  حج آپریشن کی آخری پرواز  30 جون کو لاہور پہنچے گی، مدینہ منورہ سے حج  آپریشن کی پروازیں 3 جون سے شروع ہوں گی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت 471 پروازوں کے ذریعے 1لاکھ 19 ہزار حاجیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔