پاکستانی پرائیویٹ حج سیکٹر نے عالمی سطح پر بڑا اعزاز حاصل کرلیا

حج کے سب سے بڑے ایوارڈ ’’لبیتم‘‘ میں دنیا کی پہلی 6 پوزیشنوں میں سے پہلی تینوں پوزیشنیں پاکستان کے نام


ویب ڈیسک May 30, 2026

اسلام آباد:

پاکستان کے پرائیویٹ حج سیکٹر نے ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے حج کے نئے ڈیجیٹلائزڈ نظام اور خدمات کے میدان میں عالمی سطح پر اہم مقام حاصل کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق حج کے سب سے بڑے ایوارڈ ’’لبیتم‘‘ میں دنیا کی پہلی 6 پوزیشنوں میں سے پہلی تینوں پوزیشنیں پاکستان نے اپنے نام کرکے ملک کا نام روشن کیا۔

اس کامیابی کو پاکستانی پرائیویٹ حج سیکٹر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، محنت اور جدید ڈیجیٹل نظام کو مؤثر انداز میں چلانے کی صلاحیت کا واضح ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔

حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (HOAP) کے سربراہ ناصر خان نے اپنے بیان میں کہا کہ اس عظیم کامیابی پر ایسوسی ایشن اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ پاکستانی حجاج کرام کو مزید بہتر اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کا پرائیویٹ سیکٹر ڈیجیٹلائزیشن اور جدید نظاموں کو نہایت مؤثر اور ہموار انداز میں چلانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

ناصر خان نے اس کامیابی پر وزیراعظم پاکستان، وزیر مذہبی امور، سیکرٹری مذہبی امور اور ڈی جی حج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے یہ کامیابی ممکن ہوئی۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کے وقار کو مزید بلند کرنے اور حجاج کرام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے آئندہ بھی مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔