عیدالاضحیٰ 2026 کے موقع پر ملک بھر سے 74 لاکھ 70 ہزار سے زائد قربانی کی کھالیں جمع ہونے کا تخمینہ

ان کھالوں کی مجموعی مالیت 8 ارب 67 کروڑ روپے تک پہنچنے کی توقع ہے


ویب ڈیسک May 30, 2026

عیدالاضحیٰ 2026 کے موقع پر ملک بھر سے 74 لاکھ 70 ہزار سے زائد قربانی کی کھالیں جمع ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ ان کھالوں کی مجموعی مالیت 8 ارب 67 کروڑ روپے تک پہنچنے کی توقع ہے۔

پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے مطابق گائے کی 27 لاکھ 50 ہزار کھالیں جمع ہونے کا امکان ہے، جن کی فی کھال اوسط قیمت 2200 روپے مقرر کی گئی ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق بکری کی 42 لاکھ کھالوں کی وصولی متوقع ہے جبکہ فی کھال اوسط قیمت 600 روپے رکھی گئی ہے۔ اسی طرح بھیڑ کی 5 لاکھ کھالیں جمع ہونے کا اندازہ ہے، جن کی فی کھال قیمت 100 روپے تک ہو سکتی ہے۔

پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اونٹ کی 25 ہزار کھالیں جمع ہونے کی توقع ہے جبکہ فی کھال اوسط قیمت 2000 روپے مقرر کی گئی ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق قربانی کے جانوروں کی کھالیں چمڑا سازی کی صنعت کے لیے ایک اہم معاشی سرگرمی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر کھالوں کی خرید و فروخت سے اربوں روپے کی اقتصادی سرگرمی متوقع ہے۔

پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کھالوں کی وصولی میں بکری کی کھالیں سب سے زیادہ حصہ ڈالیں گی جبکہ قربانی کی کھالوں کا شعبہ ملکی چمڑا سازی کی صنعت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔