سندھ میں انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی تازہ ترین ریڈ بک جاری

 203 صفحات پر مشتمل ریڈ بک میں دہشت گردوں کے حوالے سے اہم معلومات مرتب کی گئی ہیں


منور خان May 30, 2026

کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) سندھ نے انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست پر مبنی 'ریڈ بک' کا 10 واں ایڈیشن جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی سندھ کی جانب سے  203 صفحات پر مشتمل ریڈ بک میں دہشت گردوں کے حوالے سے اہم معلومات مرتب کی گئی ہیں جس میں وہ دہشت گرد بھی شامل ہیں جن کے سروں کی قیمت مقرر کی گئی ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق نئی ریڈ بک میں مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی تازہ ترین تفصیلات شامل کی گئی ہیں، اس اہم دستاویز میں کالعدم داعش ، کالعدم القاعدہ ، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر کالعدم بلوچ عسکریت پسند تنظیموں سے وابستہ مطلوب افراد کا مکمل ریکارڈ اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔

ریڈ بک میں مطلوب ملزمان کی تصاویر، کوائف اور ان کے نیٹ ورکس سے متعلق حساس اور اہم معلومات درج کی گئی ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ یہ ریڈ بک قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاروائیوں میں معاونت کے لیے ایک کلیدی دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے، ایڈیشن میں دہشت گردوں کی شناخت ، ان کی گرفتاری اور سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کے لیے جدید اور تازہ ترین معلومات کو شامل کیا گیا ہے۔

اس نئی دستاویز کا بنیادی مقصد مختلف سیکیورٹی اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے کو مزید مؤثر بنانا اور مطلوب دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ریڈ بک کا یہ تازہ ایڈیشن صوبے میں انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کو مزید تیز اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔