کراچی سے متعلق مرتضیٰ وہاب کے بیان پر معروف گلوکار طلحہ انجم نے سخت ردعمل دے دیا۔
میئر کراچی نے ایک ویڈیو بیان میں شہر کے ماضی اور حال کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو کبھی دنیا کے خطرناک ترین شہروں میں شمار کیا جاتا تھا تاہم حکومتی اقدامات کے باعث اب شہر میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کا خاتمہ ہو چکا ہے۔
اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے گلوکار نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں طنزیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ شہر میں نہ پانی ہے، نہ بجلی، نہ گیس اور نہ ہی سڑکیں موجود ہیں جس پر انہوں نے سندھ حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

سوشل میڈیا پر یہ ردعمل تیزی سے وائرل ہو گیا اور صارفین کی جانب سے اس پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ شوبز شخصیات نے کراچی کے مسائل پر آواز اٹھائی ہو اس سے قبل بھی مختلف اداکار اور فنکار شہر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں اور بہتری کا مطالبہ کرتے آئے ہیں۔