اسرائیلی فوج کی پیش قدمی جاری، لبنان کے سب سے بڑے دریا پر قبضہ کرلیا

لبنان سے ملحقہ کمیونٹیز میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی جائیں گی


ویب ڈیسک May 31, 2026

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اسرائیلی فورسز کی جانب سے لبنان کے دریائے لطانی کو عبور کرنے کیا اطلاع دی ہے اور اُسے پوزیشن آف کنٹرول قرار دے دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فوج نے لبنان کے سب سے بڑے دریا لطانی کو عبور کرلیا ہے جبکہ لبنان کی سرحد کے قریب علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل اور ساحلوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب تعلیمی اداروں اور ساحلوں کو بند کرنے کے حوالے سے اسرائیلی فوج نے کہا کہ یہ اقدامات شمالی سرحد کے ساتھ صورتحال کے سیکورٹی جائزے کے بعد اختیار کیے گئے ہیں۔

جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ لبنان سے ملحقہ کمیونٹیز میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی جائیں گی جبکہ عوامی اجتماعات کو کم کیا جائے گا اور متاثرہ علاقوں میں ساحل بند کر دیے جائیں گے۔

مزید برآں رہائشیوں کو پناہ گاہوں اور محفوظ جگہوں کے قریب رہنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

فوج نے کہا کہ بالائی گلیلی اور مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں میں تعلیمی سرگرمیاں صرف عمارتوں یا مقامات کے اندر جاری رہ سکتی ہیں۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب عبرانی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج لبنان میں اپنے زمینی حملے کو مزید گہرا کررہی ہے اور فوج نے نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے دریائے لطانی پر پل بھی تعمیر کیے ہیں۔

دوسری جانب انادولو ایجنسی کے مطابق اسرائیلی افواج لبنان میں نبتیہ شہر کے مضافات میں زاوطار الشرقیہ اور شقیف ارنون سمیت دریائے لیطانی کے شمال میں واقع دیہاتوں اور قصبوں تک پہنچ گئی ہیں۔

مزید برآں اسرائیلی فوج نے زہرانی دریا کے جنوب میں بھی رہنے والے شہریوں کو اپنے گھروں کو فوری طور پر خالی کرنے کی ہدایت کی ہے۔