سابق قومی کپتان اور سوئنگ کے سلطانوسیم اکرم نے حج کے دوران پیش آنے والے اپنے تجربات اور مشکلات سے متعلق اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج ان کے لیے مشکل نہیں تھا، البتہ مداحوں کے ساتھ تصاویر بنوانے نے انہیں زیادہ تھکا دیا۔
وسیم اکرم نے رواں سال سابق کپتان مصباح الحق اور معروف ٹی وی پریزنٹر فخرعالم کے ہمراہ حج کی سعادت حاصل کی جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی گردش کرتی رہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں فخر عالم نے وسیم اکرم سے ذیابیطس کے مریض ہونے کے باعث حج کے دوران پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں سوال کیا جس پر انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی منجمد (فریز) انسولین ساتھ لے کر گئے تھے جو 24 گھنٹے تک کارآمد رہتی تھی۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ حج مشکل نہیں تھا کیونکہ انسان عبادت کی نیت سے وہاں جاتا ہے اور ہر صاحب استطاعت مسلمان کے لیے زندگی میں ایک بار حج کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منیٰ میں نماز کے بعد متعدد افراد تصاویر بنوانے کے لیے ان کے پاس آگئے جس کی وجہ سے وہ زیادہ تھک گئے۔
سابق کپتان نے حج کو اپنی زندگی کا بہترین تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس مقدس سفر کے دوران سب کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔