کراچی:
سندھ ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 2 اگست تک جاری رہیں گی۔ اس سلسلے میں سندھ ہائی کورٹ سمیت ماتحت عدالتوں میں اہم مقامات کی سماعت کے لیے خصوصی بینچز تشکیل دے دیے گئے ہیں۔
ہائی کورٹ سرکٹ بینچ حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر کے لیے بھی خصوصی بینچز تشکیل دیے گئے ہیں۔ خصوصی بینچز روزانہ 9:30 سے دن 1 بجے تک کیسز سماعت کریں گے۔
رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ نے اس حوالے سے سرکلر جاری کردیا ہے، جس کے مطابق موسم گرما میں عدالتوں کے دفتری اوقات 9 بجے سے دن 3 بجے تک ہوں گے۔
سرکلر کے مطابق جسٹس سلیم جیسر کی سربراہی میں 2 رکنی آئینی بینچ تعطیلات کے دوران اہم کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس ارشد حسین خان کی سربراہی میں 2 رکنی ریگولر بینچ بھی کیسز کی سماعت کرے گا جب کہ جسٹس عمر سیال اور جسٹس یوسف علی سعید الگ الگ سنگل بینچز میں کیسز کی سماعت کر رہے ہیں۔