ساؤتھ ایئر نے ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے باقاعدہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
ساؤتھ ایئر کے وفد نے کنور محمد طارق کی سربراہی میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی، گورنر نے ساوتھ ایئر کے وفد کو ڈی آئی خان اور چترال میں پروازوں کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ساؤتھ ایئر کو خوش آمدید کہتے ہیں، ساؤتھ ایئر کی پروازیں خیبر پختونخوا میں کامیاب ثابت ہوں گی، صوبے میں سیاحت اور کاروبار کے فروغ کے لیے فضائی رابطے ناگزیر ہیں۔
گورنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا پاکستان کی سیاحت کا مرکز ہے، صوبے کے کئی اہم علاقے اب بھی فضائی سہولیات سے محروم ہیں، پشاور سے کراچی، لاہور اور کوئٹہ کی پروازیں صوبے میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی لائیں گی۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ نئی ایئرلائنز کے فلائٹس سے خیبر پختونخواہ میں روزگار، سیاحت اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔
اس موقع پر ساوتھ ایئر کے وفد کی سربراہی کرنے والے کنور محمد طارق نے کہا کہ ساؤتھ ایئر نے تمام آپریشنل، تکنیکی اور انتظامی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، ساؤتھ ایئر رواں ماہ ملک بھر میں اپنے فضائی آپریشن کا آغاز کررہی ہے۔ ملک کے چھوٹے اور دور دراز علاقوں کو فضائی نیٹ ورک سے جوڑنا ہمارا ہدف ہے۔
کنور محمد طارق نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ہمارے لیے انتہائی اہم اسٹیشن ہے، ڈی آئی خان کے لیے روزانہ پروازیں چلانے کا منصوبہ رکھتے ہیں، ساؤتھ ایئر چترال کے لیے بھی باقاعدہ پروازیں شروع کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ساؤتھ ایئر پشاور سے کراچی، پشاور سے کوئٹہ، پشاور سے لاہور کے لئے بھی روزانہ پرواز چلائے گی۔