لاہور سمیت پنجاب بھر میں آندھی کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی

پی ڈی ایم اے کی جانب سے بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے


ویب ڈیسک June 01, 2026
فوٹو: فائل

لاہور:

مغرب سے کم ہواؤں کے بادلوں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگیا جس کے سبب لاہور سمیت پنجاب بھر میں آندھی کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور اور سینٹرل پنجاب میں موسم ابر آلود رہے گا جبکہ گرد آلود ہوائیں چلیں گی اور ہلکی بارش کے امکان ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 2 سے 5 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، بھکر، لیہ، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، گجرانوالہ اور حافظ آباد میں بارش کا امکان ہے۔

لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، خوشاب اور منڈی بہاالدین میں بھی بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کے مطابق آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں، آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات تلے ہرگز نہ جائیں۔ کسان اپنی تمام تر پیشگی اقدامات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں جبکہ سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ اور واسا نے اپنے اپنے طور پر بروقت ممکنہ بارش سے قبل انتظامات مکمل کر لیے۔

ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے بھی ممکنہ بارش کے پیش نظر آپریشنل اسٹاف کو بارش کے دوران فیلڈ میں رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔

ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔