ماں کی کمی آج بھی محسوس ہوتی ہے، جھانوی کپور کا جذباتی اعتراف

ماں کی محبت اور موجودگی کا کوئی متبادل نہیں، جھانوی کپور


ویب ڈیسک June 01, 2026
سری دیوی نہیں چاہتی تھیں کہ ان کی بیٹی فلموں میں کیریئربنائے فوٹوفائل

بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے اپنی والدہ اور بھارتی فلم انڈسٹری کی لیجنڈ اداکارہ سری دیوی کی وفات کے برسوں بعد بھی ان کی جدائی کے درد کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا خلا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایسا دکھ ہے جو وقت گزرنے کے باوجود کبھی مکمل طور پر ختم نہیں ہو سکتا۔

ایک حالیہ انٹرویو میں جھانوی کپور نے اپنی ذاتی زندگی، کیریئر اور والدہ کی یادوں پر کھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ سری دیوی صرف ایک عظیم اداکارہ ہی نہیں بلکہ ایک ایسی شخصیت تھیں جن کی مثال دینا بھی مشکل ہے۔ ان کے مطابق کوئی بھی شخص سری دیوی جیسا نہیں ہو سکتا اور وہ خود بھی کبھی اپنی والدہ کے مقام تک پہنچنے کا دعویٰ نہیں کر سکتیں۔

جھانوی نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ اکثر لوگ ان کا موازنہ سری دیوی سے کرتے ہیں، تاہم ان کے خیال میں ان کی والدہ کی شخصیت، فنکارانہ صلاحیت اور انڈسٹری پر اثرات منفرد تھے۔ انہوں نے کہا کہ سری دیوی نے جو مقام حاصل کیا، وہ اپنی نوعیت میں بے مثال ہے۔

اداکارہ کے مطابق والدہ کی وفات کا صدمہ آج بھی ان کے دل میں موجود ہے اور یہ ایسا زخم ہے جو شاید کبھی پوری طرح نہیں بھر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش یہی رہتی ہے کہ اپنے کام اور پرفارمنس کے ذریعے والدہ کے شاندار ورثے کو آگے بڑھائیں اور ان کی یاد کو زندہ رکھیں۔

جھانوی کپور نے مزید کہا کہ پیشہ ورانہ زندگی میں ملنے والے نئے مواقع ان کے لیے خاص اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ وہ انہیں اپنی والدہ کی یاد اور خوابوں سے جوڑے رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر کامیابی انہیں خوشی تو دیتی ہے، لیکن ساتھ ہی انہیں اپنی والدہ کی کمی بھی شدت سے محسوس ہوتی ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ کامیاب فلمیں، شہرت اور کیریئر کی اہم کامیابیاں بھی ان کی زندگی میں موجود اس خلا کو پُر نہیں کر سکتیں جو سری دیوی کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد پیدا ہوا۔ جھانوی کے مطابق ماں کی محبت اور موجودگی کا کوئی متبادل نہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کی جدائی کا درد ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا۔