کراچی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ملزمہ شیرین منشیات کیسے فروخت کرتی تھی؟ ویڈیو سامنے آگئی

ملزمہ عادی مجرم ہے، پولیس نے گرفتار ملزمہ کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے، ایس ایس پی ایسٹ


اسٹاف رپورٹر June 02, 2026

ضلع ایسٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب منشیات فروش ملزمہ کو اس کے 2 بیٹوں سمیت گرفتار کرلیا، گرفتارملزمہ ماضی میں سہراب گوٹھ میں منشیات کا سب سے بڑا اڈا چلات تھی۔

تفصیلات کے مطابق ضلع ایسٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب کارروائی کرتے ہوئےانتہائی مطلوب منشیات فروش ملزمہ شیرین عرف شرینہ کو اسکے 2 بیٹوں سمیت گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذہیر شیخ کے مطابق گرفتار ملزمہ شیریں ہیروئن چرس اوردیگر منشیات کا مکروہ دھندہ کرتی ہے، گرفتار ملزمہ منشیات کے درجنوں مقدمات میں ملوث ہے گرفتار ملزمہ چند سال پہلے گرفتار ہوکر جیل چلی گئی تھی اور2 سال پہلے ہی واپس آئی تھی۔

گرفتار ملزمہ ماضی میں سہراب گوٹھ کا سب سے بڑا منشیات کا اڈہ چلاتی تھی اور گرفتار ملزمہ پولیس کے پے درپے چھاپوں کے بعد گلستان جوہر منتقل ہوگئی تھی شیریں عرف شیرینہ کے خلاف سہراب گوٹھ ، سائٹ سپرہائیوے، نیو کراچی ،گلشن معماراور ایکسائز ملیرکراچی میں35 کے قریب مقدمات درج ہیں۔

ایک کیس میں ملزمہ کے قبضے سے ہینڈگرنیڈ بھی برآمد ہوا تھا، ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمہ اپنے فلیٹ کی کھڑکی سے ہیروئن سپلائی کرتی تھی نشے کے عادی افراد فلیٹ کے سامنے ہی بیٹھ کر نشہ استعمال کرتے تھی، گرفتار ملزمہ کے شوہر اور بیٹوں پر بھی متعدد مقدمات درج ہیں۔

شیریں کا شوہر اور بیٹے متعدد مرتبہ گرفتار بھی ہوچکے ہیں، گرفتار ملزمہ اور ملزمان سے مذید تفتیش کا عمل شروع کردیا گیا۔ ادھر بوٹ بیسن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش کے خلاف چھاپہ مار کاروائی کے دوران بدنامِ زمانہ منشیات فروش یاسین عرف شوٹرمزاحمت کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔

 ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق پولیس کو دیکھتے ہی ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے تعاقب کے بعد کامیابی سے ملزم کوگرفتار کرکے اس کے قبضے سے 55 گرام آئس برآمد کرلی، ملزم کلفٹن اور ڈیفنس کے مختلف علاقوں میں منشیات کی سپلائی میں ملوث رہا ہے۔

ملزم اس سے قبل پولیس کارروائی کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہوا تھا ملزم بوٹ بیسن میں درج مقدمات میں مفرور تھا اورپولیس کو مطلوب تھاگرفتار ملزم کے خلاف تازہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغازکردیا گیا ہے ملزم کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔