امریکا میں ونڈر وومن کی ایک مداح خاتون نے اپنے پسندیدہ سپر ہیرو کردارسے متعلقہ اشیاء جمع کرکے گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق امریکی ریاست جورجیا کے شہر کیڈرٹاؤن سے تعلق رکھنے والی الیشیا وائیلی نے ونڈر وومن سے وابستہ 1581 اشیا جمع کرکے دنیا کے سب سے بڑے کلیکشن کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
ان کے حیران کن ذخیرے میں کامک بکس، فنکو پاپ مجسمے، ایکشن فگرز، خصوصی کھلونے اور ونڈر وومن برانڈڈ یادگاری اشیاء شامل ہیں، جنہوں نے انہیں گنیز ورلڈ ریکارڈ کا نیا ٹائٹل دلایا۔
الیشیا وائیلی کا کہنا تھا کہ انہیں 2000 کی دہائی کے آغاز میں مقبول اینیمیٹڈ سیریز جسٹس لیگ دیکھتے ہوئے ونڈر وومن کے کردار سے دلچسپی پیدا ہوئی، جو وقت کے ساتھ گہری وابستگی میں تبدیل ہو گئی۔
انہوں نے بتایا کہ اس کردار کی جرات، ذہانت، خوداعتمادی اور دوسروں کے لیے ہمدردی نے انہیں ہمیشہ متاثر کیا۔ ان کے مطابق ونڈر وومن مشکل حالات میں ثابت قدم رہنے اور خواتین کو بااختیار بنانے کی علامت ہے۔
الیشیا نے بتایا کہ یہی پیغام انہیں اس کردار کے قریب لایا اور اسی محبت نے انہیں دنیا کا سب سے بڑا ونڈر وومن کلیکشن تیار کرنے کی ترغیب دی۔