انقلاب کے دفاع کے لیے آخری سانس تک لڑیں گے، ایرانی فوج کا خمینی کی برسی پر دوٹوک پیغام

ایرانی فوجی قیادت نے کہا کہ ایرانی قوم دھمکیوں اور حملوں کے سامنے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گی


ویب ڈیسک June 03, 2026

ایران کی مسلح افواج نے اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی انقلاب خمینی کی برسی کی یاد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں اعلان کیا ہے کہ وہ اسلامی انقلاب کے دفاع کے لیے آخری دم تک لڑنے کے عزم پر قائم ہیں۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق یہ مشترکہ بیان ایرانی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف اور خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری کیا گیا۔ بیان میں امریکا اور اسرائیل کی حالیہ کارروائیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ ان اقدامات نے دنیا کے سامنے انسانی حقوق کے دعویداروں کا حقیقی چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ مناب کے ایک اسکول پر حملے سمیت متعدد واقعات میں سیکڑوں افراد جان سے گئے، جنہیں ایران نے امریکا اور اسرائیل کی جارحیت قرار دیا۔

ایرانی فوجی قیادت نے کہا کہ ایرانی قوم دھمکیوں اور حملوں کے سامنے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گی اور ملکی خودمختاری اور انقلاب کے نظریات کے تحفظ کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔

مسلح افواج کے بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکا اور اسرائیل کو بالآخر ایرانی عوام اور مسلح افواج کے عزم کے سامنے جھکنا پڑے گا۔ بیان میں عوام پر زور دیا گیا کہ وہ قومی اتحاد اور ملکی قیادت کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

واضح رہے کہ 3 جون کو بانی انقلاب خمینی کی برسی منائی جاتی ہے جبکہ اسی دن 1963 کی 15 خرداد تحریک کی یاد بھی منائی جاتی ہے، جسے ایرانی اسلامی انقلاب کی بنیاد رکھنے والے اہم واقعات میں شمار کیا جاتا ہے۔