آئی سی سی ون ڈے رینکنگ: ابرار احمد کیریئر کی بہترین پوزیشن پر پہنچ گئے

پاکستان کے ون ڈے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے بھی چار درجے ترقی حاصل کی


ویب ڈیسک June 03, 2026

آئی سی سی کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کے اسپنر ابرار احمد نے شاندار ترقی کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن حاصل کر لی۔

ابرار احمد سات درجے ترقی کے بعد 633 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔ آسٹریلیا کے خلاف جاری ون ڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی کے باعث پاکستان کے ون ڈے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے بھی چار درجے ترقی حاصل کی اور اب وہ 13ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ انگلینڈ کے جوفرا آرچر دوسرے اور جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ 10 میں کوئی بڑی تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی۔ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی جبکہ بھارت کے ویرات کوہلی دوسرے اور افغانستان کے ابراہیم زدران تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم 687 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر برقرار ہیں، تاہم سلمان علی آغا چار درجے تنزلی کے بعد 14ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔

دوسری جانب ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ 880 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہیں۔ ان کے ہم وطن ہیری بروک 857 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ 853 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا دو درجے ترقی کے بعد ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے ہیں جبکہ بھارت کے شبمن گل ایک درجہ تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی واحد بولر ہیں جو ٹیسٹ بولرز کی ٹاپ 10 فہرست میں شامل ہیں۔ وہ 817 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔