پاسداران انقلاب نے امریکی ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر اور ائیربیس پر حملے کی ویڈیو جاری کردی

یہ کارروائی آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی مفادات پر مبینہ امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی


ویب ڈیسک June 04, 2026
امریکی جہاز نے انتباہ کے باوجود آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کی کوشش کی، ایران (اے آئی سے بنوائی گئی تصوراتی تصویر)

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی فوجی تنصیبات پر حملوں کے ثبوت میں حملے کی ویڈیو بھی جاری کردی۔

ایران میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ خطے میں امریکی فوجی اہداف کے خلاف میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، جن میں بحرین میں قائم امریکی ففتھ فلیٹ کا ہیڈکوارٹر اور ایک امریکی فضائی اڈہ بھی شامل ہے۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے اس کارروائی کی مبینہ ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی مفادات پر مبینہ امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ رات ایک ایرانی آئل ٹینکر کو آبنائے ہرمز کے نزدیک نشانہ بنایا گیا جس سے جہاز کے انجن روم کو نقصان پہنچا۔

پاسدارانِ انقلاب کا مزید کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد ایرانی بحریہ نے ردعمل دیتے ہوئے ایک دشمن بحری جہاز کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا۔

ایرانی بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ امریکی فوج نے جزیرہ قشم کے جنوبی علاقے میں پاسدارانِ انقلاب کے ایک مواصلاتی ٹاور پر فضائی حملہ بھی کیا جس کے بعد ایرانی ایرو اسپیس فورس نے خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کے خلاف کارروائی کی۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق جوابی حملوں میں بحرین میں موجود امریکی ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر اور ایک علاقائی امریکی فضائی و ہیلی کاپٹر اڈے کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ایران پہلے ہی خبردار کر چکا تھا کہ اس کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کا جواب زیادہ سخت اور مختلف انداز میں دیا جائے گا۔

ایرانی حکام کے مطابق حالیہ حملے اسی پالیسی کا حصہ ہیں اور انھیں مخالفین کے لیے ایک واضح پیغام سمجھا جانا چاہیے۔

دوسری جانب امریکی حکام کی جانب سے ان ایرانی دعوؤں پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ آزاد ذرائع سے بھی ان حملوں کی تفصیلات کی مکمل تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔