روس کے انٹرنیشنل معاشی فورم کے آغاز پر یوکرین کا بڑا حملہ، سینٹ پیٹرزبرگ دھوئیں میں لپٹ گیا

گورنر کے مطابق حملوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور بعض تنصیبات کو نقصان پہنچا تاہم کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی


ویب ڈیسک June 04, 2026

روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں یوکرینی ڈرون حملوں کے بعد شہر کے مختلف علاقوں سے سیاہ دھواں اٹھتا دکھائی دیا جبکہ اسی دوران روس کا اہم سالانہ اقتصادی فورم بھی شروع ہو گیا ہے جس میں دنیا بھر سے ہزاروں مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین نے سینٹ پیٹرزبرگ کے آئل ٹرمینل اور کرونشٹاڈ بحری اڈے کو نشانہ بنایا۔ یوکرینی حکام کا دعویٰ ہے کہ حملوں کے دوران ایک روسی جنگی جہاز کو بھی نقصان پہنچا۔

سینٹ پیٹرزبرگ کے گورنر الیگزینڈر بیگلوف کے مطابق حملوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور بعض تنصیبات کو نقصان پہنچا، تاہم کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ روسی حکومت نے حملوں کے جواب میں مناسب ردعمل دینے کا عندیہ دیا ہے۔

یوکرین کے صدر زیلنسکی نے حملوں کو روسی بمباری کے خلاف منصفانہ جواب قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس کے حملے جاری رہے تو مزید کارروائیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔

یوکرینی حکام کے مطابق ان حملوں کا ایک مقصد سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم کو متاثر کرنا بھی تھا۔ تین روزہ یہ اقتصادی کانفرنس ماضی میں ’روسی ڈیووس‘ کے نام سے مشہور رہی ہے اور اس سال تقریباً 130 ممالک کے 20 ہزار سے زائد شرکاء کی آمد متوقع ہے۔

یوکرینی وزیر دفاع کے مشیر سرہی سٹرنینکو نے سوشل میڈیا پر طنزیہ انداز میں کہا کہ سینٹ پیٹرزبرگ فورم کے آغاز کے پس منظر میں یوکرینی حملوں کے بعد سیاہ دھوئیں کا خوبصورت منظر موجود ہے۔

فورم کے مقام کے قریب بھی دھواں دیکھا گیا، جبکہ روسی صدر ولادمیر پیوٹن کی اہم تقریر جمعہ کو متوقع ہے۔

2022 میں یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد یہ فورم روس کی بین الاقوامی تنہائی کی ایک علامت بن چکا ہے۔ ماضی میں اس فورم میں مغربی رہنما شرکت کرتے تھے، تاہم اب زیادہ تر روس کے اتحادی ممالک کے نمائندے شریک ہوتے ہیں۔ اس سال نمایاں شرکاء میں انتونیو گوتریس سمیت کئی عالمی شخصیات شامل ہیں۔