اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے 5 نئے ممبران منتخب

پرتگال کو 134 اور آسٹریا کو 131 ووٹ ملے


ویب ڈیسک June 04, 2026

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے آسٹریا، کرغزستان، پرتگال، ٹرینیڈاڈ، ٹوباگو اور زمبابوے کو 15 رکنی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دو سالہ مدت کے لیے منتخب کرلیا ہے جس کا اطلاق یکم جنوری 2027 سے ہوگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمنی جس نے ایک نشست کے لیے سخت لابنگ کی تھی، 104 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا جب کہ پرتگال کو 134 اور آسٹریا کو 131 ووٹ ملے۔

ایشیا پیسیفک گروپ کی نشست کے لیے فلپائن اور کرغزستان کے درمیان مقابلہ ووٹنگ کے چار راؤنڈ تک چلا، کرغزستان نے بالآخر ضروری دو تہائی اکثریت حاصل کر لی اور سلامتی کونسل کی اپنی پہلی نشست 49 کے مقابلے 142 ووٹوں سے حاصل کر لی۔

سلامتی کونسل اقوام متحدہ کا واحد ادارہ ہے جو پابندیاں لگانے اور طاقت کے استعمال کی اجازت جیسے قانونی طور پر پابند فیصلے کر سکتا ہے۔ اس کے پانچ مستقل ویٹو والے ارکان ہیں: برطانیہ، چین، فرانس، روس اور امریکا۔

باقی 10 ممبران منتخب کیے جاتے ہیں جن میں ہر سال پانچ نئے ممبر شامل ہوتے ہیں۔