میدان جنگ میں ناکامی کے بعد دشمن اندرونی انتشار پھیلانا چاہتا ہے، ایرانی سپریم لیڈر

ایرانی عوام موجودہ حالات میں ثابت قدمی، بصیرت اور قومی اتحاد کا مظاہرہ کریں، مجتبیٰ خامنہ ای


ویب ڈیسک June 04, 2026

تہران: ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل ایران کے خلاف جنگ میں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں اور اب وہ اندرونی انتشار، خوف اور مایوسی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اپنے ایک تحریری پیغام میں خامنہ ای نے کہا کہ امریکا کی قیادت میں قائم عالمی نظام ایک مضبوط، خودمختار اور آزاد ایران کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے اسرائیل کو اسی نظام کا ایک ’مصنوعی اڈہ‘ قرار دیا۔

ایرانی سپریم لیڈر کے مطابق دشمن کو میدان جنگ میں ناکامی اور شدید رسوائی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد اس نے اپنی حکمت عملی تبدیل کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب دشمن ایک ہائبرڈ جنگ کے ذریعے ایرانی عوام کے حوصلے کمزور کرنے اور حکام میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

خامنہ ای نے کہا کہ دشمن کے اہم ہتھیار شکوک و شبہات، مایوسی، خوف اور عوام کے درمیان تقسیم پیدا کرنا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی بھی عمل جو عوام میں بداعتمادی یا ناامیدی پیدا کرے، دراصل ملک اور اس کے عوام کے دشمنوں کی مدد کے مترادف ہے۔

انہوں نے ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ موجودہ حالات میں ثابت قدمی، بصیرت اور قومی اتحاد کا مظاہرہ کریں تاکہ بیرونی دباؤ اور چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

ایرانی سپریم لیڈر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی اور ایران، امریکا و اسرائیل کے درمیان تنازعات کے حوالے سے عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے۔