غیرملکی مہمان کو گھر میں جگہ کیوں دی، باہر نہ نکالنے پر اسرائیلی کا فلسطینی گھر پر حملہ، ویڈیو

ایک اسرائیلی فوجی قریب ہی کھڑے ہوکر تماشہ دیکھ رہا ہوتا ہے


ویب ڈیسک June 04, 2026

مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے ہیبرون میں ایک اسرائیلی آبادکاری نے اس وقت فلسطینی شہری کے گھر کو نشانہ بنایا جب اُس کے گھر میں ایک غیرملکی شہری آیا ہوا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کررہی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک اسرائیلی فلسطینی سے غیرملکی شہری کو گھر سے باہر نکالنے کا کہہ رہا ہے اور بات نہ سُننے پر گھر میں داخل ہونے کی کوشش کررہا ہے جبکہ گھر پر پتھر اور تھوک پھینک رہا ہے۔

دوسری جانب فلسطینی اُس کی بات ماننے سے برابر انکار کررہا ہے۔ غیرملکی شہری اپنی ویڈیو میں کہتا ہے کہ ہم پر ابھی اسرائیلی آبادکار حملہ کررہا ہے اور گھر میں داخل ہونے کی کوشش کررہا ہے۔ ہم پر پتھر اور تھوک بھی پھینک رہا ہے۔

اسرائیلی آبادکار نامناسب زبان استعمال کرتے ہوئے کہتا ہے کہ یورپی اور تم، دونوں گھر سے باہر آؤ۔ جبکہ ایک اسرائیلی فوجی قریب ہی کھڑے ہوکر تماشہ دیکھتا رہا۔

فلسطینی شہری اسرائیلی فوجی سے کہتا بھی ہے کہ جیسے تم فلسطینی بچوں کو گولیاں مارتے ہو، ایسے اس (اسرائیلی آبادکار) کو بھی تو روکو۔