کراچی:
اورنگی ٹاؤن میں شوپر نے آہنی راڈ کے پے درپے وار کرکے بیوی کو قتل کر دیا، ملزم شوہر نے گھر میں تالا لگانے کے بعد تھانے جاکر گرفتاری دے دی، ابتدائی تفتیش میں پولیس نے واقعے کو گھریلو تنازع کا شاخسانہ قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 غازی آباد گلی نمبر 4 ابوبکر صدیق مسجد کے قریب گھر میں شوہر نے آہنی راڈ کے پے درپے کرکے بیوی کو قتل کر دیا، ملزم شوہر نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد گھر پر تالا لگا کر تھانے جاکر گرفتاری پیش کر دی۔
پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر اس کی نشاندہی پر اس کے گھر پہنچی اور بیوی کی لاش کو قبضے میں لیکر قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا، مقتولہ خاتون کی شناخت 58 سالہ عاصمہ بیگم زوجہ اصغر علی کے نام سے کی گئی۔
پاکستان بازار پولیس کے مطابق ملزم 64 سالہ اصغر علی نے گھریلو تنازع پر بیوی کو آہنی راڈ کے پے در پے وار کرکے قتل کر دیا اور تھانے آکر گرفتاری پیش کر دی، ملزم نے خود ہی آلہ قتل بھی پولیس کے حوالے کر دیا۔
پاکستان بازار پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ خاتون 4 بچوں کی ماں تھی، دوسری جانب گرفتار ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ ماضی میں چپل کا کام کرتا ہے اور گرفتار ملزم نے بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف جرم بھی کرلیا ہے، پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔