غزہ سٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 9 فلسطینی شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ فلسطینی سول ڈیفنس حکام کے مطابق حملے علی الصبح کیے گئے جن میں رہائشی عمارتوں اور شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
فلسطینی سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں کی جانب سے مختلف مقامات پر بمباری کی گئی، جس کے نتیجے میں متعدد مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ حملوں میں شہید ہونے والوں میں 4 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ کئی زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق الشاطی پناہ گزین کیمپ میں بھی ایک حملہ کیا گیا جس میں ایک فلسطینی جان کی بازی ہار گیا۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں ملبہ ہٹانے اور لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی گورنمنٹ میڈیا آفس نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے تین ہزار سے زائد مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی جا چکی ہیں۔ ادارے کے مطابق ان مبینہ خلاف ورزیوں کے نتیجے میں اب تک تقریباً 900 فلسطینی شہید اور 2 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
غزہ میں جاری کشیدگی کے باعث انسانی بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر جنگ بندی کے احترام اور شہریوں کے تحفظ کے مطالبات بھی زور پکڑ رہے ہیں۔