انگلش کرکٹر لیام لیونگ اسٹون نے آئی پی ایل کی خوفناک حقیقت سے پردہ اٹھا دیا۔
لیام لیونگ اسٹون نے آئی پی ایل کے موجودہ طرزِ کھیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ میں بیٹنگ کے لیے انتہائی سازگار حالات کے باعث کرکٹ کا توازن متاثر ہو رہا ہے۔
ان کے مطابق مسلسل بڑے اسکورز اور چھکوں کی بارش سے میچز کی دلچسپی کم ہوتی جا رہی ہے۔
لیونگ اسٹون نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک ٹیم نے 230 سے زائد رنز کا ہدف محض 18 اوورز میں حاصل کر لیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بیٹنگ کے لیے حالات غیرمعمولی حد تک آسان ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب شائقین ہر میچ میں صرف چھکے ہی لگتے ہوئے دیکھتے ہیں تو کھیل کی اصل مسابقت اور مہارت پس منظر میں چلی جاتی ہے۔
انہوں نے فلیٹ وکٹوں، امپیکٹ پلیئر قانون اور مسلسل ہائی اسکورنگ میچز کو اس رجحان کی بڑی وجوہات قرار دیا۔
لیونگ اسٹون کے مطابق ان حالات میں بولرز کے پاس اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع محدود رہ جاتے ہیں جس سے کھیل یکطرفہ محسوس ہونے لگتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ سن رائزرز حیدرآباد نے ایک ہی پچ پر مسلسل کئی میچز کھیلے جس سے فائدہ مزید بڑھ گیا۔
ان کے تبصروں نے آئی پی ایل میں بیٹ اور بال کے درمیان توازن پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔