ثمینہ پیرزادہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ’ویزا آن ارائیول‘ کی خواہش کا اظہار کردیا

خواہش ہے ایک دن امرتسر جاؤں اور سرحد کے قریب پہنچ کر وہیں سے ویزا حاصل کروں، ثمینہ پیرزادہ


ویب ڈیسک June 04, 2026

معروف پاکستانی سینئر اداکارہ و ہدایتکارہ ثمینہ پیرزادہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان عام شہریوں کے لیے سفر کو آسان بنانے اور ویزا آن ارائیول کی سہولت دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں ثمینہ پیرزادہ نے کہا کہ ان کے بھارت میں دہلی اور ممبئی سمیت کئی قریبی دوست موجود ہیں جن سے ان کی طویل رفاقت رہی ہے، تاہم سفری پابندیوں کے باعث وہ ان سے ملاقات نہیں کر پاتیں، جس کا انہیں گہرا دکھ رہتا ہے۔ ان کے مطابق وہ اکثر اپنے ان دوستوں کو یاد کرتی ہیں اور محسوس کرتی ہیں کہ وہ بھی اسی طرح ان سے ملنے کے خواہش مند ہوں گے۔

انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ ایک دن امرتسر جائیں اور سرحد کے قریب پہنچ کر وہیں سے ویزا حاصل کریں، جبکہ بھارت سے آنے والے دوستوں کو بھی اسی طرح پاکستان آمد پر ویزا کی سہولت ملنی چاہیے۔

ثمینہ پیرزادہ نے کہا کہ ان کے لیے یہ معاملہ صرف سفارتی یا سیاسی نہیں بلکہ انسانی اور جذباتی تعلقات سے جڑا ہوا ہے۔ ان کے مطابق فنکار اور تخلیقی لوگ تو کسی نہ کسی طرح دنیا کے مختلف ممالک میں مل لیتے ہیں، لیکن عام لوگوں کو بھی یہی آزادی ملنی چاہیے۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

انہوں نے کہا کہ اگر لوگ لندن، دبئی یا دیگر ممالک میں جا کر ایک دوسرے سے مل سکتے ہیں تو پھر لاہور، دہلی، ممبئی اور کراچی میں ملاقاتیں کیوں ممکن نہیں ہو سکتیں۔

ثمینہ پیرزادہ کا یہ جذباتی مؤقف سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث ہے، جہاں صارفین اسے خطے میں ثقافتی رابطوں اور انسانی تعلقات کی اہمیت کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔