گلگت بلتستان انتخابی سامان کی ترسیل شروع، گورنر کی الیکشن کمشنر سے ملاقات

گلگت بلتستان کے گورنر مہدی شاہ نے چیف الیکشن کمشنر راجا شہباز سے ملاقات کی اور انتخابی تیاریوں پر تبادلہ خیال ہوا


وقاص احمد June 04, 2026
فوٹو: فائل

گلگت بلتستان میں 7 جون کو شیڈول انتخابات کے لیے تمام 24حلقوں میں انتخابی سامان کی ترسیل شروع کردی گئی ہے۔

گلگت بلتستان کے الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو 24 حلقوں میں بیلٹ پیپرز سمیت انتخابی سامان کی ترسیل شروع کردی ہے، انتخابی سامان میں بیلٹ پیپرز، ووٹرفہرستیں اور مہریں شامل ہیں۔

پولیس اور رینجرز کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل جاری ہے۔

گلگت بلتستان میں انتخابی گہماگہمی کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) سے تعلق رکھنے والے گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ الیکشن کمیشن پہنچے اور چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی۔

گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ اور چیف الیکشن کمیشن کے درمیان ایک گھنٹے تک ملاقات جاری رہی، جس کے بعد گورنر واپس روانہ ہوگئے، ملاقات میں گورنر اور چیف الیکشن کمشنر نے انتخابی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔

گلگت بلتستان میں انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی

گلگت بلتستان میں انتخابی مہم عروج پر پہنچی ہے جہاں وقت کم اور مقابلہ سخت ہے اور ووٹنگ کے لیے صرف دو دن رہ گئے ہیں، صوبے میں ہر طرف مختلف پارٹیوں کے پرچموں کی بہار ہے اور سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم زور و شور سے آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔

سیاسی جماعتوں کے کارکنان نے اپنی پارٹی کے جھنڈے اور انتخابی بینرز جگہ جگہ آویزاں کیے ہیں، کارکنوں کے نعرے اور کارنر میٹنگز، جلسے جلوس اور ریلیوں کے شور نے گلگت بلتستان میں انتخابی رنگ میں چار چاند لگا دیے ہیں۔

گلگت بلتستان کی سڑکوں پر لہراتے جھنڈے، گلیوں میں آویزاں بینرز، جلسوں کی رونق اور ریلیوں کا شور بتا رہا ہے کہ انتخابی قافلہ منزل کے قریب پہنچ چکا ہے، سیاسی جماعتیں عوام کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے سرگرم ہیں تو امیدوار ووٹرز کا دل جیتنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔

سیاسی جماعتوں سمیت آزاد امیدوار کہیں ترقی کے وعدے کر رہے ہیں تو کہیں بہتر مستقبل کے سہانے خواب دکھا رہے ہیں، ہر جماعت اور امیدوار اپنے منشور اور کارکردگی کے ساتھ عوامی عدالت میں موجود ہے جہاں حتمی فیصلہ ووٹرز کو کرنا ہے۔

 گلگت بلتستان میں اب نظریں پولنگ ڈے پر جمی ہوئی ہیں، اب ووٹ کی طاقت فیصلہ کرے گی کہ گلگت بلتستان کے سیاسی افق پر کون سا ستارہ طلوع ہوگا۔