بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولنگ کوچ اور سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ نے آسٹریلیا کے خلاف ملٹی فارمیٹ سیریز سے قبل بنگلا دیش کے فاسٹ باؤلنگ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
بنگلا دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق فاسٹ بولر طلحہ جبیر کو عارضی طور پر فاسٹ بولنگ کوچ مقرر کر دیا گیا۔ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے آپریشنز چیئرمین شہریار نفیس نے بھی اس تقرری کی تصدیق کی ہے۔
اس سے قبل بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ایک اعلامیے میں شان ٹیٹ کی علیحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کوچ نے اپنی ذاتی مصروفیات اور حالات سے متعلق بورڈ کو آگاہ کیا تھا۔
بی سی بی کے مطابق شان ٹیٹ مختصر مدت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنے کے خواہاں تھے، تاہم باہمی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ ان کا عہدہ چھوڑ دینا ہی موزوں راستہ ہوگا۔ بورڈ نے کہا کہ یہ فیصلہ خوش اسلوبی اور باہمی اتفاقِ رائے سے کیا گیا ہے۔
شان ٹیٹ نے اپنے دورِ کوچنگ میں بنگلا دیش کے متعدد فاسٹ بولرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا جن میں نوجوان پیسر ناہید رانا نمایاں ہیں جنہوں نے حالیہ عرصے میں اپنی تیز رفتار بولنگ سے خاصی توجہ حاصل کی ہے۔
سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر نے اپنے استعفے کو ایک مشکل فیصلہ قرار دیتے ہوئے بنگلا دیشی کھلاڑیوں کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ رویے کو سراہا۔
اب طلحہ جبیر عارضی طور پر فاسٹ بولنگ کوچ کی حیثیت سے آسٹریلیا کے خلاف اہم سیریز میں بنگلا دیشی بولرز کی رہنمائی کریں گے۔