ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کو دھمکی دیں اور اس کے نتائج نہ بھگتیں وہ دور چلا گیا ہے، امریکا اور اسرائیل جیسے دو دشمنوں کو دیے گئے جواب سے ظاہر ہوگیا ہے کہ ایران کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
محمد باقر قالیباف نے ایرانی انقلاب کے بانی امام خمینی کی 37 ویں برسی کے موقع پر پیغام میں کہا کہ ایران کو دھمکی دینے پر نتائج نہ بھگتنے کا دور واضح طور پر چلا گیا ہے، خمینی کی تعلیمات کی روشنی میں ایرانی قوم نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ میں دنیا کو دکھایا کہ وہ دباؤ کبھی برداشت نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ خمینی نے ایرانی قوم کو سبق دیا تھا کہ کسی قسم کی جارحیت اور برتری کے سامنے گھٹنے مت ٹیکنا اور ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران میں کروڑوں لوگ امام خمینی اور آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعلیمات اور ان کے چھوڑے ہوئے ورثے کی پیروی کرتے ہوئے ایران کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کے لیے بیرونی مداخلت کے خلاف مزاحمت کریں گے۔