جی پی ایس پر انحصار مہنگا پڑگیا، خاتون کار ٹرین کی پٹری پر لے گئیں، ویڈیو وائرل

خاتون کافی دیر تک پٹری پر گاڑی چلاتی رہیں، جس کے باعث علاقے میں ٹرین سروس متاثر ہوئی


ویب ڈیسک June 05, 2026

امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر سیٹل میں ایک حیران کن واقعے میں 70 سالہ خاتون نے جی پی ایس کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اپنی کار براہِ راست لائٹ ٹرین کی پٹری پر چلا دی، جس کے باعث ٹرین سروس عارضی طور پر معطل ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاتون ڈرائیور راستہ تلاش کرنے کے لیے جی پی ایس سسٹم پر انحصار کر رہی تھیں، تاہم سسٹم کی غلط رہنمائی کے باعث وہ سڑک کے بجائے ٹرین کی پٹری پر پہنچ گئیں۔

خاتون کا کہنا تھا کہ وہ مکمل طور پر جی پی ایس کی ہدایات پر عمل کر رہی تھیں اور انہیں اندازہ ہی نہیں ہوا کہ گاڑی عام سڑک کے بجائے ریل کی پٹری پر آ گئی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق خاتون کافی دیر تک پٹری پر گاڑی چلاتی رہیں، جس کے باعث علاقے میں ٹرین سروس متاثر ہوئی اور مسافروں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر ڈیپارٹمنٹ نے موقع پر پہنچ کر ہیوی مشینری کی مدد سے گاڑی کو ریل کی پٹری سے ہٹا دیا اور ٹریفک بحال کرنے کے اقدامات شروع کیے۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر خاتون نشے کی حالت میں نہیں تھیں، تاہم احتیاطی طور پر انہیں طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔