کراچی کے علاقوں ابراہیم حیدری اور مومن آباد پولیس نے منشیات فروشی میں ملوث 2 خواتین کو گرفتار کر کے آئس ، ہیروئن اور نقدی برآمد کرلی۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ملیر پولیس کے مطابق ابراہیم حیدری پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر مچھلی مارکیٹ ابراہیم حیدری میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی میں ملوث ملزمہ رقیہ زوجہ احمد علی عرف ہادی کو گرفتار کر کے 58 گرام آئس اور نقدی برآمد کرلی۔
گرفتار ملزمہ علاقے میں مختلف مقامات پر منشیات فروخت کرتی تھی جو کہ اس سے قبل 2023 اور 2025 میں گرفتار ہو کر جیل جا چکی ہے جبکہ پولیس نے ملزمہ کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا جس سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
دریں اثنا مومن آباد پولیس نے منشیات فروشی میں ملوث ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کے مطابق منشیات فروشوں کی انتہائی مطلوب فہرست آئی آر میں شامل ملزمہ ریما زوجہ عمران کو مومن آباد پولیس نے اورنگی ٹاؤن ایرانی کیمپ میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمہ کے قبضے سے 48 گرام ہیروئن اور فروخت کی گئی منشیات کی رقم بھی برآمد کرلی۔ پولیس نے ملزمہ کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کرلیا جس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔