پی آئی اے کے بوئنگ سے پرندہ ٹکراگیاایک انجن کوشدید نقصان

پائلٹ نے طیارے کورن وے پربحفاظت اتارلیا،پرندے ٹکرانامعمول بن چکے ہیں


Staff Reporter September 25, 2012
رواں سال 42طیارے پرندوں سے ٹکڑائے،60کروڑ روپے نقصان کا سامنا کرناپڑا فوٹو: فائل

پی آئی اے کا ایک اورطیارہ بوئنگ777پرواز پی کے301 کراچی کے رن وے پر لینڈنگ کے دوران پرندے سے ٹکڑاگیا۔

جس کی وجہ سے طیارے کے ایک انجن کوشدیدنقصان پہنچا تاہم پائلٹ نے طیارے کو رن وے پر بحفاظت اتار لیا،قومی ایئر لائن کی یہ پرواز مسافروںکو لے کر اسلام آباد سے کراچی آرہی تھی۔

تاہم دوران لینڈنگ اس سے پرندہ ٹکراگیا جس کے نتیجے میں طیارے کے انجن نمبر 1 کوشدید نقصان پہنچا،واضح رہے کہ ایئرپورٹ کی حدود اور اطراف میں پرندوں ے طیاروں سے ٹکڑانے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے اورطیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔

لیکن سول ایوی ایشن اتھارٹی کے برڈ شوٹراور انتظامیہ نے اس اہم مسئلے پر چپ سادھ رکھی ہے، معلوم ہوا ہے کہ پی آئی اے نے کراچی، لاہور سمیت دیگر شہروں میں طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کی رپورٹ وزارت دفاع کو بھجوا دی جس میں چاروں صوبائی حکومتوں اور سول ایوی ایشن کو ذمے دار قراردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے حکام کی جانب سے وزارت دفاع کو بھجوائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال 42 سے زائدطیاروں سے پرندے ٹکرائے ہیں جن میں 6 طیارے لاہور جبکہ اسلام آباد اور کراچی میں دو دو طیارے متاثر ہوئے ہیں جس میں قومی ایئرلائن کو60کروڑ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔

ماہرین ایوی ایشن کے مطابق جب بھی کوئی پرندہ طیارے سے ٹکراتا ہے تو اس کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑتی ہے جس سے کروڑوں روپے کا تیل بھی ضائع ہوتا ہے۔

جبکہ طیارے کاانجن اور بلیڈ بھی شدید متاثر ہوتا ہے جس کے بعد مذکورہ ایئرلائن انتظامیہ کو جہاز مرمت کیلیے ہینگ کرنا پڑتا ہے اوراس طرح کروڑوں روپے ایئرلائن کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔