شہر کے مختلف علاقوں میں بلندی سے گرنے کے واقعات میں خاتون سمیت 2 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، ناظم آباد میں نجی اسکول کی پانچویں منزل سے گرنے سے 17 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ناظم آباد ایک نمبر سرسید کالج کے قریب پانچویں منزل سے گر کر نوجوان ہلاک ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی۔
اس حوالے سے ہیڈ محرر تھانہ رضویہ سوسائٹی نوید احمد نے بتایا کہ نوجوان کی شناخت 17 شاہ عالم کے نام سے کی گئی جو کہ نجی اسکول کی پانچویں منزل پر لگے ہوئے بورڈ کو درست کر رہا تھا کہ پاؤں سلپ ہونے کی وجہ سے گرا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔
اسی طرح گلبہار کے علاقے ناظم آباد 2 نمبر الخدمت اسپتال کے قریب عمارت سے گر کر خاتون زندگی کی بازی ہار گئیں، اس حوالے سے گلبہار تھانے کے ہیڈ محرر افضل نے بتایا کہ متوفیہ کی شناخت 46 سالہ شکیلہ زوجہ نوید کے نام سے کی گئی جو کہ نفسیاتی مسائل کا شکار بھی بتائی جاتی ہے۔
اہل خانہ کی جانب سے واقعہ عمارت کی تیسری منزل کے فلیٹ کی بالکونی سے اتفاقیہ طور پر گرنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی پولیس معلومات حاصل کر رہی ہے۔