غیر فعال آتش فشاں میں بنا فٹبال میدان ’فیلڈ آف دی گاڈز‘

سرسبز و شاداب قدرتی مناظر سے گھرا یہ منفرد میدان ہر اتوار کو زندگی سے بھر جاتا ہے


ویب ڈیسک June 06, 2026

جدید فٹبال اسٹیڈیم اپنی شاندار تعمیرات اور انجینئرنگ کے کمالات کے لیے مشہور ہیں، لیکن قدرتی منظر اور حیران کن مقام کے اعتبار سے ’فیلڈ آف دی گاڈز‘ نامی میدان سب پر حاوی ہے۔

میکسیکو میں واقع یہ سادہ سا مٹی کا فٹبال گراؤنڈ ایک غیرفعال آتش فشاں کے اندر بنایا گیا ہے۔ سرسبز و شاداب قدرتی مناظر سے گھرا یہ منفرد میدان ہر اتوار کو اس وقت زندگی سے بھر جاتا ہے جب یہاں سانتا سیسیلیا ٹیپیٹ لاپا نامی قصبے کے مقامی افراد امیچور لیگ کے میچز کھیلتے ہیں۔

یہ لیگ، جسے ٹیوکا امیچور لیگ کہا جاتا ہے، 10 ٹیموں پر مشتمل ہے اور ہر ٹیم قصبے کے ایک مخصوص خاندان کی نمائندگی کرتی ہے۔ لیگ کی ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں عمر کی کوئی پابندی نہیں، چنانچہ اکثر کم عمر نوجوان اور بزرگ کھلاڑی ایک ہی ٹیم میں کندھے سے کندھا ملا کر کھیلتے نظر آتے ہیں۔

اگرچہ اس وقت خواتین میدان میں کھیل کا حصہ نہیں بنتیں، لیکن وہ تماشائیوں کے طور پر بھرپور جوش و خروش سے اپنی پسندیدہ ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں اور ماحول کو مزید پرجوش بنا دیتی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فیلڈ آف دی گاڈز کسی انوکھی سوچ یا روحانی عقیدت کا نتیجہ نہیں تھا، بلکہ اس کی تخلیق خالصتاً ضرورت کے تحت ہوئی۔ سانتا سیسیلیا ٹیپیٹ لاپا کے اردگرد بلند و بالا پہاڑی ڈھلوانیں موجود ہیں جس کی وجہ سے فٹبال میدان بنانے کے لیے ہموار زمین دستیاب نہیں تھی۔ ایسے میں قریبی مردہ آتش فشاں کا نسبتاً سیدھی اور ہموار زمین اس مقصد کے لیے بہترین جگہ ثابت ہوا۔

آج یہ میدان نہ صرف مقامی فٹبال کا مرکز ہے بلکہ اپنی غیر معمولی لوکیشن کی وجہ سے دنیا بھر کے کھیلوں کے شائقین اور سیاحوں کی توجہ بھی اپنی جانب کھینچ رہا ہے۔