افغان باشندوں کو شناختی کارڈ بناکر دینے والے نادرا کے 4 اہلکار گرفتار

ایف آئی اے نے خیبرپختونخوا کے ضلع چار سدہ میں کارروائی کرکے ملزمان کو گرفتار کیا


ویب ڈیسک June 06, 2026
فوٹو: فائل

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چارسدہ میں نادرا سینٹر پر اہم کارروائی کرتے ہوئے  4 اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان یف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور آفس انچارج وقار احمد، عطااللہ جان، احمد رضا اور سجاد علی شامل ہیں جو غیر ملکی، خصوصاً افغان باشندوں کو غیر قانونی طور پر کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈز (سی این آئی سیز) جاری کرنے میں ملوث پائے گئے۔

کارروائی کے دوران اہم دستاویزی شواہد اور دیگر قابل اعتراض مواد بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے.

جبکہ گرفتار ملزم وقار احمد متعدد دیگر مقدمات اور انکوائریوں میں بھی زیر تفتیش ہے۔ ادارے کے مطابق اس کیس میں ملوث دیگر سہولت کاروں اور ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں اور قومی شناختی نظام کے غلط استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔