ملک میں آٹے کے بحران اور قیمتوں میں اضافے کے باعث 20 کلو تھیلے کی قیمت 2800 روپے کی بلند ترین سطح تک جا پہنچی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ادارہ شماریات نے اپنی جاری کردہ حالیہ دستاویزات میں بتایا ہے کہ کراچی کے شہری سب سے زیادہ مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں، جہاں 20 کلو کا تھیلا 2800 روپے میں دستیاب ہے۔
اسی طرح پشاور میں یہی تھیلا 2750 روپے، اسلام آباد میں 2733 روپے جبکہ راولپنڈی میں اس کی قیمت 2707 روپے تک پہنچ چکی ہے۔
علاوہ ازیں کوئٹہ اور بنوں میں بھی آٹے کی قیمتیں 2700 روپے تک جا پہنچی ہیں۔ دیگر شہروں کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو حیدرآباد میں 20 کلو تھیلے کی قیمت 2600 روپے، خضدار اور لاڑکانہ میں 2400 روپے، فیصل آباد میں 2350 روپے اور گجرانوالہ میں 2333 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اُدھر ملتان اور لاہور میں بھی آٹے کے نرخوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ دستاویزات کے مطابق ملتان میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2267 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں عوام کو 20 کلو آٹے کا تھیلا 2250 روپے میں خریدنا پڑ رہا ہے، جس سے مہنگائی کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں اس قدر غیر معمولی اضافہ عام آدمی کی قوتِ خرید سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔
ماہرینِ معاشیات کا کہنا ہے کہ گندم کی ترسیل میں رکاوٹوں اور ذخیرہ اندوزی کے تدارک میں ناکامی ملک بھر میں آٹے کے نرخوں کو کنٹرول سے باہر کر رہی ہے، جس پر فوری قابو پانے کی ضرورت ہے۔