پاکستان ٹیلی وژن کے نامور اور لیجنڈ اداکار شفیع محمد شاہ کی صاحبزادی ارسلنہ محمد شاہ انتقال کرگئیں۔
ارسلنہ محمد شاہ کے انتقال کی اطلاع ان کی بہن نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے دی، جس میں بتایا گیا کہ وہ 7 فروری 2026 کو اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث دنیا سے رخصت ہو گئیں۔
ارسلنہ محمد شاہ میڈیا انڈسٹری سے وابستہ تھیں اور مختلف ٹی وی چینلز میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکی تھیں۔

تاہم ان کی اصل پہچان ان کا نرم دل، انسان دوست اور بے لوث شخصیت ہونا تھا۔
اہل خانہ کے مطابق وہ سیٹ پر کام کرنے والے ہر فرد کے ساتھ یکساں احترام اور محبت کا برتاؤ کرتی تھیں اور ضرورت مندوں کی خاموشی سے مدد کیا کرتی تھیں۔
خاندانی بیان میں کہا گیا کہ ارسلنہ نے اپنی زندگی میں بے شمار لوگوں کے دل جیتے اور ہمیشہ دوسروں کی بھلائی کو ترجیح دی۔
ان کے انتقال سے خاندان ایک شفیق بہن اور محبت کرنے والی شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔
اہلِ خانہ اور مداح ان کے لیے مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کر رہے ہیں۔